لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔ تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں مرکزی داخلے یو ایچ ایس کرے گی۔
میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلے کے لئے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار دیدی گئی۔ داخلوں کے میرٹ میں ایم ڈی کیٹ کے پچاس، ایف ایس سی کے چالیس اور میٹرک کے دس فیصد نمبر شامل ہوں گے۔
ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم ساٹھ فیصد نمبر لازمی ہیں۔
داخلہ پالیسی کے مطابق بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی جبکہ فزکس یا میتھمیٹکس میں سے ایک مضمون پاس کرنا ضروری ہے۔ سرکاری میڈیکل کالجز میں درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا لازمی ہے۔
نجی میڈیکل کالجز میں ترجیحات کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ منتخب امیدواروں کو میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد تین ورکنگ دنوں میں فیس جمع کرانا ہوگی۔
سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر سالانہ ٹیوشن فیس پچاس ہزار روپے مقرر کردی گئی۔


