لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس سے خنکی بڑھ گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی۔ پنجاب کے دیگر شہروں منچن آباد، سانگلہ ہل اور ننکانہ صاحب میں بھی بارش ہوئی۔
سیالکوٹ، حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آزاد کشمیر اور چترال کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری ہوئی۔
وادی نیلم، اڑنگ کیل، گریس ویلی اور شونٹھر میں برفباری سے ہر طرف سفیدی بکھر گئی۔ مظفرآباد، وادی لیپہ، ضلع باغ اور حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔
چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد شہریوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دیئے ہیں۔


