ممبئی (کلچرل ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ انہوں نے والد بننے کے خیال کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلمان خان تیرہ سال کے طویل وقفے کے بعد معروف شو کافی ود کرن میں نظر آئے۔
اداکار نے شو کے آخری سیزن کی پہلی قسط میں شرکت کی جہاں ان کے ساتھ کرشمہ کپور بھی موجود تھیں۔ میزبان کرن جوہر سے گفتگو میں سلمان خان نے ساٹھ برس کی عمر میں بچوں کا باپ بننے کے امکان پر خیالات کا اظہار کیا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ وہ مستقبل میں بچوں کی پیدائش کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ سلمان خان نے کرن جوہر کو سنگل فادر بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی زندگی میں بھی بچے آئیں گے۔
گفتگو کے دوران سلمان خان نے کہا کہ وہ اپنی غیر شادی شدہ زندگی سے مطمئن اور خوش ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نے بھی شریکِ حیات بنانے سے انکار نہیں کیا ہے۔


