وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق۔ فائل فوٹو: اے پی پی
لاہور میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران آٹھ ڈویژنوں کے صفائی امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی کے فوکل پرسن عاصم محمود اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔ ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے صفائی آپریشنز پر بریفنگ دی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام یونین کونسل سیکرٹریوں کو ورکرز کی فہرست فراہم کردی گئی ہے۔ ہر سیکرٹری اپنے زیرانتظام دیہات میں صفائی کی نگرانی یقینی بنائے۔
سموگ سیزن کے باعث تمام میونسپل سٹاف فیلڈ مانیٹرنگ بھی کرے گا۔ کوڑا یا فصلوں کی باقیات جلانے کی فوراً رپورٹ کی جائے۔
اسسٹنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ بھی نگرانی کے عمل میں شامل ہوں گے۔ شہروں میں وارڈز کی سطح پر میونسپل آفیسرز کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔
خالی پلاٹوں میں پڑے کوڑے کو ہرگز نظرانداز نہ کیا جائے۔ یومیہ اور ہفتہ وار رپورٹ لازمی بھجوائی جائے۔
ڈی جی لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری بورڈ صوبائی سطح پر نگرانی کریں گے۔


