کراچی (این این آئی) وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواست دینے والے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واجبات کی دوسری قسط 20 اکتوبر سے قبل جمع کرادیں۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق مقررہ تاریخ میں تین دن باقی رہ گئے ہیں۔
عازمین حج اپنی درخواست منسوخ ہونے سے بچانے کے لیے مقررہ مدت کے اندر ادائیگی مکمل کریں۔ دوسری قسط حج پورٹل یا پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے بینک کارڈ، ون لنک یا دستی بینک چالان کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج کے لیے طبی فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی لازمی ہے۔ اس مقصد کے لیے حج پورٹل سے سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے تصدیق کرانے کے بعد اسے دوبارہ پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادائیگی اور دیگر ضروری کارروائیاں مقررہ وقت میں مکمل کریں اور تازہ معلومات کے لیے پاک حج موبائل ایپ سے استفادہ کریں۔


