کراچی (این این آئی) جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مزید ایک دن بھی عہدے پر نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہر میں صفائی، سیوریج اور ٹوٹی سڑکوں کے مسائل برقرار ہیں، جبکہ شہری انفرااسٹرکچر کی تباہ حالی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور پی ٹی آئی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی ارکان حمایت کرتے تو صورت حال مختلف ہوسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل کے علاوہ شہر کے بیشتر علاقوں میں انفرااسٹرکچر خستہ حال ہے اور ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ منعم ظفر نے بی آر ٹی ریڈ لائن اور کے فور منصوبے میں تاخیر پر بھی شدید تنقید کی۔


