لاہور میں سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے زونل ناظمین کانفرنس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک کا تحفظ اور محصولات میں اضافہ محکمہ اوقاف کی اولین ترجیح ہے۔
اہداف کے حصول میں ناکامی پر متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خصوصی ٹیموں نے رحیم یار خان، راجن پور اور مٹھن کوٹ کے اوقاف زونز کا دورہ کیا۔
اس دورے میں سینکڑوں ایکڑ وقف اراضی پر غیر قانونی کاشت کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے اراضی سے محکمانہ آمدن بڑھانے کے لیے فوری سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے علما اور خطبا کو ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر عام کرنے کا حکم دیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ ماڈل مزارات پر قائم گیلریوں اور تبرکاتِ مقدسہ سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔
وقف اراضی کے انتقالات کی تکمیل کے لیے نیب کے تعاون سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔


