مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں سی آر پی ایف اہلکار نے خودکشی کر لی ہے۔ قابض حکام کے مطابق اتوار کے روز ضلع گاندربل کے علاقے مانسبل میں قائم ایک کیمپ کے اندر بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل رنجیت داس نے مانسبل میں سی آر پی ایف کیمپ کے اندر نائلون کی رسی سے پھندا لگا کر خودکشی کی۔ رنجیت داس کا تعلق بھارتی ریاست آسام کے ضلع کامروپ کی تحصیل ہاجو سے تھا۔
حکام نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو قانونی اور طبی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کانسیتبل رنجیت داس نے یہ انتہائی قدم کن وجوہات کی بنا پر اٹھایا۔


