فائل فوٹو
پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے صدر مرزا آصف جرال نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک بھارتی افسر کی جانب سے کشمیری خاتون افسر کو آن لائن اجلاس کے دوران توہین آمیز رویے کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی قبضے کے زیرِ اثر کشمیریوں کی عزت و وقار، جان و مال اور قومی شناخت محفوظ نہیں ہے۔ مرزا آصف جرال نے متاثرہ خاتون افسر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ بھارتی افسر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہار سے تعلق رکھنے والے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر راجیو رنجن نے کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس کی افسر بینش وانی کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کو سیاسی اور آئینی طور پر کمزور کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔ مرزا آصف جرال نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق اور تشخص کے تحفظ کے لیے صفوں میں اتحاد کو مضبوط کریں۔


