
راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کےعلاقوں قصور، جلال پور پیروالا اور ملتان کے دورے کے دوران فوج کا بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورے کا مقصد موجودہ سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا، انہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی تفصیلات بتائی گئیں۔
قصور اور ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں کے اس دورے کا مقصد سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ متاثرہ آبادی کو مؤثر امداد فراہم کی جا سکے، اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے اچھی حکمرانی اور عوام پر مبنی شمولیتی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ بار بار آنے والے سیلاب کے نقصانات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے درکار انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جانے چاہئیں، ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔


