تصویر: فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، شعبہ تعلقات عامہ
فیصل آباد (صورتِ حال، بزنس ڈیسک) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ مشکل کاروباری حالات کے باوجود کنفکشنری برآمدات کرنے والے معاشی محاذ پر کردار ادا کر رہے ہیں، جنہیں بزنس کمیونٹی سراہتی ہے۔
کنفکشنری سے وابستہ صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی برآمدات افریقی ممالک کو کی جا رہی ہیں، جو حکومت کی Look Africa پالیسی کے مطابق ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو اس شعبے سے وابستہ برآمد کنندگان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔
اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ بھی موجود تھے۔ فاروق یوسف شیخ نے بزنس کمیونٹی میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ آواز اٹھانے سے حکومتی سطح پر مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے فیصل آباد کی سطح پر ایک اعلیٰ کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی جس میں چیمبر کو بھی شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپلائنسز کے نام پر فیکٹریاں بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، جبکہ کمیٹی کے ذریعے کمپلائنسز مکمل کرانے سے فیکٹریاں بند کیے بغیر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


