تہران (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) تہران میں پراسرار شے کی پرواز کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں قوس و قزح کے رنگوں والی ایک شے کو آسمان میں تیزی سے حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس شے کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔
اوپن سورس انٹیلیجنس مانیٹر کی جانب سے جاری دو ویڈیوز میں یہ منظر دیکھا گیا۔ ایرانی حکام نے تاحال آسمان پر نظر آنے والی نامعلوم شے کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔
رپورٹس میں تہران میں پراسرار شے کی پرواز کو 19 ستمبر 1976 کے ایک معروف فضائی واقعے سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے، جب تہران کے آسمان پر ایک روشن نامعلوم شے دیکھے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس وقت ایرانی جنگی طیاروں نے مبینہ طور پر اس کا جائزہ لینے کے لیے پرواز کی تھی۔
1976 کا واقعہ نامعلوم اڑنے والی اشیا کے محققین کے نزدیک اب بھی نمایاں سمجھا جاتا ہے، جبکہ امریکی حکومت کی جاری کردہ خفیہ دستاویزات میں امریکی فوجی حکام کی اس واقعے سے متعلق رپورٹس بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب، پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی پہلے کہہ چکے ہیں کہ ایران نئی صلاحیتوں کے حامل ہتھیار میدان میں لائے گا اور ملک طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔


