(صورتِ حال، نیوز ڈیسک) پیر وارث شاہ کا تین روزہ عرس شروع ہو گیا، جس کے افتتاحی موقع پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حضرت پیر وارث شاہ کی تعلیمات امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق پیر وارث شاہ کی شاعری اور صوفیانہ فکر انسانیت سے محبت، برداشت، اخوت اور معاشرتی ہم آہنگی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادبی و روحانی ورثہ نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
تقریبات میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور، زونل ایڈمنسٹریٹر رانا احسان، منیجر معیز احمد اور محکمہ اوقاف و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے افسران کے ہمراہ مزار پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔
پیر وارث شاہ کا تین روزہ عرس کے سلسلے میں قائم تصویری گیلری کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں پیر وارث شاہ کی زندگی، ادبی خدمات، صوفیانہ فکر اور امن و محبت کی تعلیمات سے متعلق تصاویر آویزاں تھیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ ایسی گیلریاں صوفیانہ اور ادبی روایت کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل کو تاریخی، روحانی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں کردار ادا کرتی ہیں۔
بعد ازاں رسہ کشی کا مقابلہ ہوا، جبکہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے زیر اہتمام لاہور سے 50 مہمانوں نے بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ رات کو پنجابی مشاعرے کی محفل منعقد ہوئی۔
اعلان کے مطابق آج سہ پہر والی بال میچ اور رات کو کل پاکستان مقابلہ ہیر خوانی ہوگا، جبکہ عرس کے آخری روز دوپہر کو کبڈی کا مقابلہ اور رات کو اختتامی صوفی نائٹ منعقد کی جائے گی۔


