(نارووال، ایجوکیشن ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے طلبہ و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو ٹیکنالوجی میں خود کفیل بنانے کے لیے جدید علوم اور نئی مہارتیں حاصل کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔
وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کے آپا نثار فاطمہ آڈیٹوریم میں گوجرانوالہ بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ 2026ء کے سالانہ نتائج کے اعلان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری انوار الحق، چیئرمین گوجرانوالہ بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب خان، وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
احسن اقبال نے گوجرانوالہ ڈویژن کے پوزیشن ہولڈر طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور آج جدت و انوویشن کا دور ہے، اس لیے رٹے کے بجائے تنقیدی سوچ، سوال کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے طلبہ کو ڈگری کے حصول تک محدود رہنے کے بجائے مستقل سیکھنے والا بننے کی تلقین کی اور کہا کہ اپنے علم کو نئی عالمی تحقیق سے جوڑے رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں کو بھی مصنوعی ذہانت کے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا تاکہ بچوں کو اکیسویں صدی کے تعلیمی رجحانات کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی میں خود کفیل بنانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے نئی مہارتیں اور علوم حاصل کرنے چاہییں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ ناکامی کو اپنے سفر کی رکاوٹ نہ بنائیں، مثبت سوچ اپنائیں اور محنت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔
تقریب کے اختتام پر احسن اقبال نے گوجرانوالہ بورڈ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں میڈلز پہنائے۔


