لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) شادمان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیڈی ڈاکٹر سے گالم گلوچ، بدسلوکی اور دست گریباں ہونے والے وارڈ بوائے کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق دو روز قبل لیڈی ڈاکٹر نے ملزم سرفراز کو ادھار رقم دینے سے انکار کیا تھا جس پر ملزم طیش میں آگیا اور لیڈی ڈاکٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے لیڈی ڈاکٹر سے گالم گلوچ کی اور اس کے ساتھ دست گریباں بھی ہوا۔ واقعے کے بعد شادمان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سرفراز کو حراست میں لے لیا۔
ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اسد علی کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال اور ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔


