اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے الفاظ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کر دیا۔ فلسطینی مشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین کا خصوصی ذکر کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ہونے والے مظالم کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا۔ مزید برآں انہوں نے عالمی برادری کے سامنے غزہ کے بچوں کے حقِ زندگی، بہتر مستقبل اور خوابوں کی تکمیل کا سوال اٹھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ہند رجب نامی فلسطینی بچی نے دل دہلا دینے والی داستان بیان کی تھی، جسے اسرائیلی فوجیوں نے بے دردی سے گولی مار دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ایک اور سانحہ ہمارے دلوں اور پوری دنیا کے دل پر بوجھ بن گیا ہے جہاں آٹھ سالہ وفا عقیلہ نے اس جارحیت میں جان گنوا دی۔ وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والا بچہ زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق نہیں رکھتا؟


