علی گڑھ (صورتِ حال، DESK) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ میں غیر انسانی سلوک کے ایک ہولناک واقعے میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے دوران اس کے سر کے بال اور داڑھی کا ایک حصہ مونڈ دیا گیا اور درخت سے باندھ کر پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو علی گڑھ سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور اکرباد تھانے کی حدود میں واقع ایک گاؤں میں پیش آیا۔ تاہم یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص غیر شادی شدہ ہے اور اپنی بہن کے سسرال کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ تعلقات رکھتا تھا۔ جب لوگوں کو اس تعلق کا علم ہوا تو انہوں نے اسے گھیر لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ اس کے سر کے آدھے بال اور داڑھی کا کچھ حصہ مونڈ دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی بہن کے سسرال والوں میں شامل تین خواتین سمیت سات افراد اور بعض نامعلوم افراد تشدد میں ملوث تھے، جو تاحال فرار ہیں۔ اس بہیمانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات اور دیگر ملوث افراد کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔


