بیورو رپورٹ (صورتِ حال، DESK) اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں کے بعد موسم سرد ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، کوہاٹ، کرک، میانوالی اور دنیا پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ مزید برآں، جھنگ، چشمہ دریا خان، کچہ گجرات، پیلاں اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ کندیاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم ڈی واسا کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور تمام فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے اور کٹارریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ہے۔


