ٹوبہ ٹیک سنگھ (کرائم رپورٹر، صورتِ حال، DESK) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے کمالیہ میں ریڑھی بان خاتون پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ریڑھی بان خاتون پر جوتا برسانے والا ایس ایچ او کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر عمران غفور نے عوام کی موجودگی میں ریڑھی بان خاتون کو مبینہ طور پر جوتے سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے سخت نوٹس لے لیا۔ مزید برآں، پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر ایس ڈی پی او سرکل کمالیہ کی مدعیت میں سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران غفور تھانہ صدر کمالیہ میں ایس ایچ او تعینات تھا جسے واقعے کے بعد پہلے ہی معطل کر کے محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق پندرہ کی کال پر سب انسپکٹر نے مل فتیانہ کے علاقے میں چوری کے شبے پر ریڑھی بان خاتون کو جوتے سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے بدسلوکی کے مرتکب اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


