لاہور (بیورو رپورٹ) پی آئی اے کے فضائی میزبانوں پر دورانِ ڈیوٹی سگریٹ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے نئی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پی آئی اے سرکلر کے مطابق فضائی میزبانوں کو دورانِ فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ پیکٹ یعنی 20 سگریٹ تک لے جانے کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں، خلاف ورزی کرنے والے فضائی میزبانوں کو معطل یا فلائنگ سے ہٹایا جا سکتا ہے، جبکہ عملے کو روانگی سے قبل بریفنگ میں بھی آگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان سے جدہ جانے والی پرواز کے پانچ فضائی میزبانوں سے بڑی تعداد میں سگریٹ پیکٹ برآمد ہوئے تھے اور اس معاملے پر شعبہ ایچ آر میں تحقیقات جاری ہیں۔


