لاہور (بیورو رپورٹ) پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن فیس میں بڑے اضافے کی تجویز سامنے آگئی ہے جس کے تحت سکولوں کو چار سال کے لیے رجسٹر کرنے اور فیس ماہانہ فیس کے تناسب سے مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مجوزہ نئے قواعد و ضوابط کے مطابق پندرہ سو روپے ماہانہ فیس لینے والے سکول کی رجسٹریشن فیس دس ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح پچیس سو روپے تک ماہانہ فیس والے سکولوں سے رجسٹریشن کی مد میں بیس ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔ مزید برآں بیس ہزار روپے سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے سکولوں کے لیے رجسٹریشن فیس دس لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ فیس کی ادائیگی پر سکولوں کو چار سال کے لیے رجسٹریشن جاری کی جائے گی اور نئے لائسنس کے بعد رجسٹریشن کی تجدید کے وقت مقررہ فیس کا پچاس فیصد ادا کرنا ہوگا۔ پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کی منظوری کابینہ کمیٹی سے لینے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے بعد اس کا اطلاق کیا جائے گا۔


