لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر ملک منیر اقبال چنڑ کو مبارکباد دی اور حلقہ این اے 168 بہاولپور کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام نے ترقی اور خدمت کی سیاست پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نتیجہ عوامی بہبود کے پراجیکٹس پر عوامی اعتماد کا بھرپور اظہار ہے اور ضمنی انتخاب حکومت کی کارکردگی پر عوامی ریفرنڈم کے مترادف ہے۔


