مظفرآباد (انٹرنیشنل ڈیسک) – موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی ناقص سروس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پٹھان ویلفیئر ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر چمن خان نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کو معیاری اور بلاتعطل سروس فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا پابند بنائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چمن خان نے کہا کہ صارفین مہنگے پیکجز خریدنے کے باوجود ناقص سروس کال ڈراپ اور کمزور سگنلز کی شکایات میں مبتلا ہیں۔ کئی علاقوں میں نیٹ ورک کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ شہریوں کو ضروری رابطوں میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب صارفین سے پیکجز کی مد میں بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں تو انہیں بہتر اور قابلِ اعتماد سروس فراہم کی جانی چاہیے۔ صدر پٹھان ویلفیئر ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی سروس کا نوٹس لیا جائے اور صارفین کے مسائل حل کیے جائیں۔


