پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے پارٹی قیادت کو خط لکھ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شوکت یوسفزئی کی جانب سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر کو خط لکھا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لانگ مارچ فوری ملتوی کیا جائے۔ بیرونی خطرات اور دہشتگردی میں اضافے کے پیش نظر احتجاج ملتوی کیا جائے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ وفاقی حکومت کچھ ایشوز کی بنیاد پر ایمرجنسی نافذ کرنا چاہتی ہے۔ ریاست سے ٹکراؤ کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کی جانی چاہیے۔
افغانستان سے ممکنہ حملہ ایمرجنسی کا جواز بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے پی حکومت پر تعاون نہ کرنے کا بیانیہ بنا رہی ہے۔
صوبائی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے۔ دہشتگردی کو سپورٹ کرنے کا الزام لگا کر پارٹی پر پابندی لگ سکتی ہے۔
بانی چیئرمین عمران خان نے ماضی میں ورکرز کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کیا تھا۔ انہوں نے اپیل کی کہ ان کی گزارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔


