اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ صحت پاکستان کا صرف انتظامی مسئلہ نہیں۔ یہ قومی سلامتی اور قومی معیشت کا بھی اہم مسئلہ ہے۔
پاکستان میں بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس دباؤ سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ بنیادی وجوہات پر توجہ دینا ہوگی۔
انٹرنیشنل کانفرنس آف لائف اسٹائل میڈیسن سے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ مزید اسپتال اور ڈاکٹرز بنانا بڑھتی ہوئی بیماریوں کا مستقل حل نہیں۔ بیماریوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے احتیاط، بچاؤ اور صحت کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی۔
مصطفی کمال نے بتایا کہ لائف اسٹائل میڈیسن کے فروغ کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں اقدامات مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ہر بیماری کے لیے طبی عملہ فراہم کرنا ممکن نہیں۔ کووڈ وبا نے ثابت کیا کہ بڑی تعداد میں بیمار ہونے سے بڑے نظام دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
پاکستان میں بھی مختلف بیماریوں کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔


