تهرام (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی جاری ہے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں یہ نئی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی خبر ایجنسی کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایران کے مرکزی بینک نے کرنسی کو سہارا دینے کی غرض سے 2 ارب ڈالر تک مارکیٹ میں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران امریکی پابندیوں اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آزاد مارکیٹ میں ڈالر تقریباً 26 لاکھ 88 ہزار ایرانی ریال میں فروخت ہوا۔
ایک دوسرے کرنسی ٹریکنگ پلیٹ فارم کے مطابق ڈالر کی قیمت 26 لاکھ 95 ہزار ریال تک پہنچ گئی۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ریاستی بینکوں نے ریال کو سہارا دینے کے لیے دو ارب ڈالر فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔
گزشتہ ایک سال میں ریال اپنی قدر کا نصف سے زیادہ حصہ کھو چکا ہے۔ مرکزی بینک کے معاون مہدی دارابی نے کہا کہ امریکی بیانات سے مارکیٹ میں دباؤ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے موجودہ گراوٹ کو عارضی قرار دیا ہے۔


