لاہور (بزنس ڈیسک)۔ ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے سسٹم کی سست روی کے باوجود 30 ستمبر تک 57 لاکھ 67 ہزار 384 انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے اسے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
انہوں نے ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس گزاروں کو سہولت دی جائے۔ ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کی جائے۔
گزشتہ سال 77 لاکھ سے زائد ٹیکس ریٹرنز جمع ہوئے تھے۔ موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے رواں سال گوشواروں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرنی چاہیے۔
حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر ٹیکس گزاروں کو زیادہ سہولت فراہم کریں۔ ریٹیلرز کے لیے آسان ٹیکس سکیم کے ریٹرن فارم میں موجود ابہام فوری طور پر دور کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور تکنیکی مسائل کا حل ضروری ہے۔ اس سے ٹیکس کلچر کے فروغ میں مدد ملے گی۔


