مکوآنہ (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں دو مختلف حادثات کے دوران ایک بچی جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ستیانہ کے قریب 31 چک کے نزدیک پیش آیا جہاں رکشہ اور موٹرسائیکل کا آپس میں تصادم ہو گیا۔
تصادم کے بعد پیچھے سے آنے والے ہارویسٹر نے موٹرسائیکل سوار بچی کو کچل ڈالا۔ حادثے میں اکیس سالہ عریبہ صادق موقع پر جاں بحق جبکہ بائیس سالہ امرا اسد زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والی لڑکی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اس کے بعد اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
دوسرا حادثہ فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ 163 ر ب کے قریب پیش آیا۔ موڑ کاٹتے ہوئے ایک رکشہ دوسرے رکشے سے ٹکرا کر الٹ گیا۔
اس حادثے کے نتیجے میں دو طالب علم زخمی ہو گئے۔ ایک بچے کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ دوسرے کی ٹانگ میں فریکچر ہو گیا۔
ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد دی۔ زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال چک جھمرہ منتقل کر دیا گیا۔


