فائل فوٹو
فائل فوٹو
اسلام آباد (صورتِ حال) — گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چینی سرمایہ کاروں کو صوبے میں پن بجلی، معدنیات، زراعت، سیاحت اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
اے پی پی کے مطابق پاکستان چین ریسرچ سینٹر برائے پارٹی اینڈ اسٹیٹ گورننس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مضبوط معاشی شراکت داری، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر نے نئے تحقیقی مرکز کے قیام کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تحقیق، پالیسی مکالمے اور ادارہ جاتی تعاون کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے کردار کو بھی سراہا۔
کنڈی نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل، زرعی پیداوار اور سیاحتی مقامات سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے گندھارا تہذیب اور تخت بھائی سمیت تاریخی مقامات کو مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ چینی مہارت اور ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کی فنی تربیت، روزگار اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ گورنر نے سرمایہ کاروں کو ممکنہ سہولتیں اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔


