کراچی (این این آئی) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے میر رضا کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نمائندے کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔
عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ کو آئندہ سماعت تک تفتیشی افسر سے متعلق وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ پرانی تفتیشی ٹیم نے مقدمے کا چالان جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی تھی۔ جوڈیشل کمیشن نے جے آئی ٹی کو تحقیقات مکمل کرنے کے بعد چالان پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے مقدمہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی کے حوالے کردیا ہے۔ ڈی ایس پی سراج لاشاری کے مطابق کیس کا تمام ریکارڈ جے آئی ٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوکر تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔ پولیس تاحال مقدمے کا حتمی چالان پیش نہیں کرسکی ہے۔
عبوری چالان میں بھی کسی ملزم کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔


