فائل فوٹو
کراچی (این این آئی) انسداد منشیات عدالت نے بلدیہ یوسف گوٹھ سے گرفتار ملزم کے قبضے سے آئس برآمدگی کے مقدمے میں شیر علی کو سات سال قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
مقدمے میں اشتہاری ملزم عباس کے دائمی وارنٹ جاری کردیے گئے۔
اے این ایف کے پراسیکیوٹر عبدالحنان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے 2024 میں یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر کارروائی کی تھی۔ اس کارروائی کے دوران ملزم شیر علی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم کے قبضے سے دو کلو آئس برآمد ہوئی تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کا وکیل استغاثہ کے حقائق میں کوئی تضاد ثابت نہیں کرسکا۔ جرم ثابت ہونے کے بعد ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔


