اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے اکائونٹس نظام میں 60 فیصد خالی مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکائونٹس افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی روشنی میں یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کے مراسلے کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات کی رپورٹ کے تحت ایک سال سے خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اس اقدام کا مقصد رائٹ سائزنگ اور کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ختم کی جانے والی آسامیوں میں وہ عہدے شامل نہیں ہوں گے جو تبادلے، پوسٹنگ یا پروموشن کے لیے مختص ہیں۔
کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہر کیڈر میں ختم کی جانے والی آسامیوں کو براہ راست بھرتی کے کوٹے سے منہا کیا جائے گا۔ تمام فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکانٹس آفیسرز کو اپنے ویکنسی روسٹرز پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


