اسلام آباد (بیورو رپورٹ، قومی ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہم سب نے طے کیا تھا کہ مذاکرات کی کوئی بات باہر نہیں بتائی جائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی رہنما شیری رحمان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور ان جیسی سینئر رکن پارلیمنٹ کو ایسا غیر ذمہ دارانہ رویہ نہیں اپنانا چاہیے تھا۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے رکھ دیے ہیں جبکہ انہوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس پر مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور غیر مشروط لانگ مارچ ملتوی کرنے کی کوئی بات نہیں کی۔


