اسلام آباد (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) نیشنل سرٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حیدر عباس نے سائبر تحفظ کے لیے اداروں میں باہمی اعتماد، مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری اور ہنرمند افرادی قوت کو ملک میں برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
اے پی پی کی 3 نومبر کی رپورٹ کے مطابق ایک خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تحفظ کے لیے کسی ایک ادارے کی کوشش کافی نہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون درکار ہے۔
ڈاکٹر حیدر عباس نے بتایا کہ سرٹ رولز 2023 کے تحت قومی، صوبائی و شعبہ جاتی اور تنظیمی سطح پر تین درجوں کا نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مقامی طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے سائبر خطرات کی معلومات کا نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی میں عملی مہارتیں حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور اسکولوں، جامعات اور عام شہریوں میں ڈیجیٹل تحفظ کی آگاہی بڑھانے کی ضرورت بیان کی۔


