راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کی تیس روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے یہ احکامات تھری ایم پی او کے تحت جاری کیے۔
یہ کارروائی سی پی او راولپنڈی کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔ حکم نامے کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او کی رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ قاسم زمان غیر قانونی اجتماعات، تقاریر اور ممنوعہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی پولیس کی رپورٹ سے مکمل اتفاق کیا۔ پولیس نے قاسم زمان کو اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کر دیا ہے۔
انہیں اٹک جیل منتقل کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ منگل کے روز ہی قاسم زمان کو راولپنڈی میں پولیس نے حراست میں لیا تھا۔


