کیچ (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران بیرون ملک اسمگل کے لیے جمع کی جانے والی 96 من سے زائد منشیات تحویل میں لے لی گئی۔
بین الاقوامی منڈی میں پکڑی جانے والی چرس، میتھ ایمفیٹامائن اور ہیروئن کی مالیت لگ بھگ 56 کروڑ روپے ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے جوسک میں کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔ مذکورہ کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات عارضی طور پر ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
برآمدہ منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام آئس اور 8 کلوگرام ہیروئن شامل ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان لائی گئی تھی جو سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ منشیات قبضے میں لے کر اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق افغان اسمگلنگ نیٹ ورکس پاکستان کی سرزمین راہداری کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


