اسلام آباد (اسلام آباد ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں صحافیوں کے لیے ایف جی ای ایچ اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سینیٹر سید وقار مہدی کی زیرِ صدارت پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔
وفاقی حکومت ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے کوٹے اور پچھلی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد پریس کلب کے جنرل سیکریٹری نے بریفنگ دی کہ وزارت کا تعاون جاری ہے اور منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب عملدرآمد دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
اجلاس میں موجود صحافیوں نے اپنے تحفظات اور شکایات ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔ ذیلی کمیٹی نے تمام مسائل کا بروقت ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کنوینر سینیٹر سید وقار مہدی نے شفاف طریقہ کار اپنانے اور اہل افراد کی فہرستیں متعلقہ ویب سائٹس پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی کی حتمی سفارشات ماہ کے اختتام تک پیش کر دی جائیں گی۔
اس کے بعد معاملے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے فالو اَپ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔


