لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) لندن سے شکاگو جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز دورانِ سفر اچانک تقریبا اٹھائیس ہزار فٹ نیچے آگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کا رخ واپس لندن کی جانب موڑ دیا۔
برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے دو سو پچانوے نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے شکاگو کے لیے اڑان بھری تھی۔ آئرلینڈ کی فضائی حدود میں پہنچنے کے تقریبا ایک گھنٹے بعد طیارہ سینتیس ہزار فٹ کی بلندی سے نو ہزار فٹ پر آگیا۔
عملے نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے سات ہزار سات سو کوڈ جاری کیا۔ فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق بوئنگ سات سو ستتر نے لندن واپسی سے قبل وزن کم کرنے کے لیے فضا میں چکر لگائے۔
برٹش ایئرویز نے تصدیق کی کہ طیارہ فنی خرابی کے باعث ہیتھرو واپس آیا اور بحفاظت لینڈ کرگیا۔ تمام مسافر معمول کے مطابق طیارے سے اتر گئے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی رپورٹس میں کیبن کے دباؤ میں خرابی کا امکان ظاہر کیا گیا تاہم ایئرلائن نے تصدیق نہیں کی۔


