راولپنڈی (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ اپنی بہتر ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ جاوید شیخ 8 اکتوبر 1954ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام شیخ جاوید اقبال ہے۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامہ شمع سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ انہوں نے ان کہی سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
جاوید نے 1974 میں فلم دھماکہ سے لالی ووڈ میں قدم رکھا۔ بطور ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم مشکل تھی جس کے بعد انہوں نے چیف صاحب، یس باس، یہ دل آپ کا ہوا اور کھلے آسمان کے نیچے جیسی فلمیں تخلیق کیں۔
وہ اردو اور پنجابی زبانوں کی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کی بھی متعدد فلموں میں کام کیا۔
وہ اوم شانتی اوم، جنت اور سلام نمستے سمیت متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ جاوید شیخ آج بھی پاکستانی فلم اور ٹی وی کے مصروف ترین اداکار ہیں۔


