مظفرآباد (انٹرنیشنل ڈیسک) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آٹھ اکتوبر کا دن کشمیر میں تباہی و بربادی کے ساتھ عزم و ہمت کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے یوم شہدائے زلزلہ کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے تباہی کو طاقت میں بدلنے کی مثال قائم کی۔ آٹھ اکتوبر ایک آفت تھی جس نے آزاد کشمیر کو باصلاحیت لوگوں سے محروم کیا۔
عوام کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے آگئی مگر اہل پاکستان نے ایثار و قربانی کی زندہ مثالیں قائم کیں۔ پاکستان کے عوام نے متاثرین زلزلہ کی ہر انداز سے مدد کر کے یکجہتی اور تعاون کی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کے غم میں گلنے کے بجائے راستے بنانا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے تخریب کو تعمیر میں بدل کر مضبوط اعصابی کامظاہرہ کیا۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ 2005 کا زلزلہ ایک عظیم سانحہ تھا جس میں بے پناہ جانی و مالی نقصان ہوا۔ دکھ کے ان لمحات میں پاکستان کی عوام، حکومت اور عالمی برادری کا کردار اہم رہا جنہوں نے بروقت امداد کی۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی فوری امداد کا بھی مطالبہ کیا۔


