فائل فوٹو
فائل فوٹو
بین الاقوامی ڈیسک۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے چیئرمین شبیر احمد شاہ کی ضمانت مسترد ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی عدالتی نظام کے گہرے بحران اور جاری ناانصافی کی واضح مثال ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈی ایف پی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسول نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی عدالتی نظام انصاف اور جمہوریت کے لیے ایک سیاہ دھبہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ تقریباً چالیس برس سے بھارتی جیلوں میں قید کاٹ رہے ہیں۔
چوہتر سالہ شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت اور بڑھتی ہوئی عمر کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بھارتی حکام انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹر غلام رسول نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ نظربند کشمیری رہنماؤں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے شبیر احمد شاہ کو ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں فوری علاج کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


