فائل فوٹو
فائل فوٹو
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی مشترکہ صدارت میں گندم مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
منگل کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ یقینی بنانے کے لیے گندم کی موثر امدادی قیمت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے سبسڈی ناگزیر ہے اور گندم کی قیمت کا تعین کسانوں کی پیداواری لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم کی وافر پیداوار ہماری ترجیح ہے اور گندم کی قیمت کے تعین پر وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے گندم خریداری کا شفاف اور موثر نظام یقینی بنانا ہوگا۔


