لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کے طریق کار پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے 12 اکتوبر تک مکمل نظام بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے جھنگ کے رجسٹری محرر تاج محمد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ اینٹی کرپشن میں کوئی کیس چلا جائے تو یقین نہیں ہوتا کہ انصاف ملے گا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کے رویے پر بھی سوال اٹھایا اور ڈی جی کو ہدایت کی کہ معاملے کو خود دیکھیں۔ وکیل تصور حیات لک نے بتایا کہ جھنگ میں جعلی رجسٹریاں بنانے کا مقدمہ 2020 میں درج کیا گیا تھا۔


