لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت لوکل روڈ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لوکل روڈ پروگرام کے تحت تعمیر کی گئی شاہراہوں کے ڈیش بورڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور فیلڈ فارمیشن کے افسران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت 1567 شاہراہیں تعمیر کی گئی ہیں اور اس کے لیے 76 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ تعمیر شدہ شاہراہوں کا مکمل ڈیٹا رات تک ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا جائے۔ انہوں نے رات 12 بجے تک ڈیش بورڈ پر 40 شاہراہوں کا ڈیٹا فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے لوکل روڈ پروگرام کی کامیابی پر فیلڈ فارمیشن کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
نئی تعمیر شدہ شاہراہوں کی مناسب دیکھ بھال ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی شاہراہیں عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔


