لاہور کے علاقے اندرون بھاٹی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مکان کی بالائی منزل پر مزدور بوسیدہ دیواریں توڑ رہے تھے۔
اس دوران اچانک ایک دیوار چھت پر گر گئی جس سے تین افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ملبے تلے دبے دو افراد کو معمولی زخم آئے جبکہ بتیس سالہ نازیہ بی بی دم توڑ گئی۔ ریسکیو حکام نے لاش نکال کر اسپتال منتقل کردی ہے۔
امدادی کارروائیوں کے دوران سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے ڈرون نگرانی بھی کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مکان کی چھت ٹی آر گارڈر اور مٹی سے بنی تھی۔
یہ چھت گرتی دیوار کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور زمیں بوس ہو گئی۔


