بین الاقوامی ڈیسک۔ ایران نے یورینیئم افزودہ کرنے کے اپنے حق سے دستبردار ہونے اور افزودہ یورینیئم کے ذخائر حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران یورینیئم افزودگی کا عمل ترک نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یورینیئم کی افزودگی جوہری عمل کا ایک لازمی اور ناقابلِ علیحدگی حصہ ہے۔
صحافیوں کے سوال پر محمد اسلامی نے واضح کیا کہ تہران کسی بھی صورت میں یہ عمل ترک نہیں کرے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ابتدائی مرحلہ ہی نہ رہے تو جوہری صنعت قائم رکھنے کا دعویٰ کیسے کیا جا سکتا ہے۔
محمد اسلامی نے کہا کہ جوہری صنعت سائنسی اور تکنیکی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور ایران اس حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ نے افزودہ یورینیئم کے ذخائر کسی دوسرے ملک کے حوالے کرنے کے امکان کو بھی مسترد کر دیا۔


