اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران نئے صوبوں کے قیام پر بحث کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں اس امر کی تصدیق کی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہو رہے، جبکہ اکتوبر میں دونوں ایوانوں کے اجلاس ہوں گے۔ ان اجلاسوں میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر گلی محلوں، میڈیا ہاؤسز، دانش وروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں کی جانب سے بات کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول اس بحث کا اصل مقام پارلیمنٹ ہاؤس ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اسلام آباد صوبہ نہیں بننے جا رہا بلکہ اسے ایک نئے گورننس ماڈل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں۔


