لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو اسے قانون کی گرفت میں لانا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو، قانون کی گرفت میں لانا ہے جبکہ سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم دیا۔ ڈی جی این سی سی آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو سینٹرل زون کی کارکردگی اور جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔


