
ایڈشنل ڈی سی نے بتایا کہ سلنڈر دھماکے کی وجہ سے زخمی افراد کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کے بعد پمز ہسپتال ہائی الرٹ ہے اور زخمیوں کی طبی امداد کا سلسلہ جاری ہے، تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
صاحبزادہ یوسف نے مزید بتایا کہ سلنڈر دھماکہ شادی والے گھر میں ہوا، دولہا اور مہمان بھی گھر میں موجود تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دولہا، دولہا کی والدہ اور دلہن بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی چیکنگ کی جا رہی ہے، دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، اس علاقے میں سلنڈر کے استعمال معمول ہے، بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھی طلب کر لیا، پولیس کے ذریعے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل نے کہا ہے کہ ای ڈی پمز کی ہدایت پر پمز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، سلنڈر دھماکے کے 6جاں بحق افراد کو پمز لایا گیا۔
ڈاکٹر انیزہ جلیل نے مزید بتایا کہ 11 زخمیوں کو پمز ہسپتال لایا گیا، زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، آرتھو پیڈک، برن سنٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ میں زخمیوں کا علاج جاری ہے، دھماکے کے زخمیوں کو چھت گرنے سے زیادہ زخم آئے۔
ایک زخمی کو سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جس کو طبی امداد فراہمی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔


