اسلام آباد (نیوز ڈیسک)۔ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرز حکمرانی اور ترقی کے لیے اس سیکریٹریٹ کا فوری قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ سیکریٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو ڈویلپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا۔
حکم نامے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر نامزد اضلاع میں شامل ہیں۔ اے آر ڈی سی نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی اور اس کی سربراہی چیئرمین کریں گے۔
ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے پی کریں گے جو ان اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔ نامزد اضلاع میں تعینات افسران سیکریٹریٹ کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول میں ہوں گے۔


